ممبئی: حالیہ پہلگام دہشت گردانہ حملے میں 26افراد کی ہلاکت کے پس منظر میں وزارت داخلہ (ایم ایچ اے ) نے 7 مئی کو پورے ملک میں سول ڈیفنس کی فرضی مشق منعقد کرنے کی ہدایت دی ہے ، جس میں مہاراشٹر ایک مرکزی ریاست کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے ۔ ممبئی، تھانے اور پونے سمیت ریاست کے کئی اہم شہری مراکز میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جہاں ہنگامی حالات سے نمٹنے کی مشقیں کی جائیں گی۔مہاراشٹر کے دیگر اہم مقامات میں اڑن، بھساول، تارا پور، ناسک، رائے گڑھ، رتناگیری، سندھو درگ، منماڑ، سنار، پمپری-چنچوڑ، ناگوتھانے ، اور اورنگ آباد شامل ہیں۔
چیف سکریٹریوں اور یونین ٹیریٹری ایڈمنسٹریٹرز کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ ضلعی انتظامیہ، سول ڈیفنس فورسز، اسکولوں اور مقامی رضاکاروں کو متحرک کریں۔ یہ مشقیں ملک کے 244درجہ بند اضلاع میں ہنگامی ردعمل کے نظام کو جانچنے اور مستحکم کرنے کی غرض سے کی جا رہی ہیں، جن میں سے کئی مہاراشٹر میں واقع ہیں۔
مرکز نے پیر کو شمالی اور مغربی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو جنگ کے ممکنہ حالات کے لیے شہری دفاع کے اقدامات کو جانچنے اور مضبوط کرنے کی ہدایت دی۔ 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے تناظر میں یہ اقدام اٹھایا گیا ہے ۔
اس قومی پہل کے تحت ملک بھر میں کل 259مقامات پر فرضی مشقیں انجام دی جائیں گی، جن میں مہاراشٹر ایک کلیدی ریاست کے طور پر شامل ہے ۔ ان مشقوں کا مقصد فضائی حملوں یا سرحد پار سے دشمنانہ حملوں کی صورت میں ہنگامی ردعمل کے عمل کو از سر نو جانچنا ہے ۔
ان مشقوں کے دوران مختلف سرگرمیاں انجام دی جائیں گی جن میں فضائی حملے کے سائرن کی جانچ، شہریوں میں ایسے حملوں کے دوران خود کو محفوظ رکھنے کے حوالے سے بیداری، بڑے پیمانے پر پناہ لینے کی مشقیں، مکمل بلیک آؤٹ کی نقل، اہم تنصیبات کی حفاظت کے طریقے ، اور انخلا و نقل مکانی کے اقدامات شامل ہیں۔
مہاراشٹر میں یہ مشقیں اسٹریٹجک اہمیت کی بنیاد پر تین زمروں میں انجام دی جائیں گی۔ زمرہ 1میں ممبئی، اڑن (جہاں جے این پی ٹی بندرگاہ واقع ہے )، اور تارا پور (جہاں جوہری تنصیب موجود ہے ) شامل ہیں۔
زمرہ 2 میں پونے ، ناسک، تھانے ، روہا-ناگوتھانے ، منمار، سنار، اور پمپری-چنچوڑ جیسے بڑے شہر شامل ہیں، جبکہ زمرہ 3 میں اورنگ آباد، بھساول، رائے گڑھ، رتناگیری اور سندھو درگ کو شامل کیا گیا ہے ۔
یہ فرضی مشقیں قومی سطح کی اس بڑی کوشش کا حصہ ہیں جس میں کیٹیگری 1 کے تحت 13 حساس علاقے ، کیٹیگری 2 میں 201اور کیٹیگری 3 میں 45 زونز شامل کیے گئے ہیں۔
مہاراشٹر کے علاوہ پاکستان اور چین سے متصل ریاستوں، جیسے راجستھان، پنجاب، جموں و کشمیر، مغربی بنگال اور مشرقی ہندوستان کی دیگر ریاستوں کو بھی اسی طرز کی مشقیں کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ یہ حالیہ برسوں میں سب سے بڑی سول ڈیفنس متحرک کاری کی مثال سمجھی جا رہی ہے ۔
No Comments: