Header advertisement
sidebar advertisement

قومی خبریں

تعلیم و روزگار

مہاراشٹر میں بی جے پی کی اتحادی پارٹیوں کو ختم کرنے کی سازش

اپنی پارٹی کو بچانے کے لیے ایکناتھ شندے پہنچے دہلی : ہرش وردھن سپکال نے خاتون ڈاکٹر کی خودکشی معاملے پر فڑنویس پرکیاحملہ

ممبئی: مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے کہا ہے کہ بی جے پی ایسی ’ڈائن‘ ہے جو دوسری سیاسی پارٹیوں کو نگل کر ہی زندہ رہتی ہے۔ بی جے پی نے پہلے مخالف پارٹیوں کو ختم کیا، اب اپنے اتحادیوں شندے سینا اور اجیت پوار کی این سی پی کو سیاسی طور پر مٹا دینے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بی جے پی اپنے اتحادیوں کو اکیلے لڑنے پر مجبور کرے گی تاکہ انہیں کمزور کیا جا سکے۔ یہی خطرہ محسوس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اپنی پارٹی اور سیاسی مستقبل کو بچانے کے لیے دہلی روانہ ہوئے ہیں۔

سپکال نے کہا کہ موجودہ ’ٹرپل انجن حکومت‘ (بی جے پی، شندے سینا اور اجیت پوار کی این سی پی) بظاہر مضبوط دکھائی دیتی ہے، مگر اندرونی طور پر شدید اختلافات اور کھینچا تانی کا شکار ہے۔ ایسے حالات میں یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ حکومت پورے پانچ سال مکمل کر پائے گی یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا اتحادی پارٹیوں کے ساتھ رویہ تاریخی طور پر خطرناک رہا ہے، اس لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ دہلی یاترا کے بعد شندے کو کوئی ریلیف ملے گا۔

پھلٹن کی ایک خاتون ڈاکٹر کی خودکشی کے واقعے پر حکومت کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے سپکال نے کہا کہ واقعے کو 24 گھنٹے گزر چکے ہیں، لیکن وزیر داخلہ دیویندر فڑنویس نے ایک لفظ بھی نہیں بولے ہیں۔ مہاراشٹر کو اس سے زیادہ غیر حساس اور ناکارہ وزیر داخلہ کبھی نہیں ملا۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پورے معاملے کو دبا دیا جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ خودکشی سے قبل خاتون ڈاکٹر نے شکایت درج کرائی تھی، لیکن اس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ تبدیل کرنے کا دباؤ ڈالا گیا اور اسی خوف سے انہوں نے اپنا آخری پیغام ہاتھ پر ہی لکھ کر چھوڑا۔

بی جے پی کے ایم ایل اے سنجے گائیکواڑ کے الزامات پر تبصرہ کرتے ہوئے سپکال نے کہا کہ حکومت انہی کی ہے، اس لیے اگر سچائی ہے تو ماتر بھومی فاؤنڈیشن کے معاملے کی اعلیٰ سطحی یا ایس آئی ٹی کے ذریعے تفتیش ہونی چاہیے اور الزام درست ثابت ہوں تو سخت کارروائی کی جائے۔ لیکن اگر یہ سب محض تماشہ ہے تو گائیکواڑ کو سیاست سے سنیاس لے لینا چاہیے۔ اجیت پوار پر طنز کرتے ہوئے سپکال نے کہا کہ ان کی این سی پی نے اپنے انتخابی منشور میں واضح طور پر کسانوں کی قرض معافی کا وعدہ کیا تھا، لیکن اب وہ اس سے انکار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی جب پوار نے اس وعدے سے انکار کیا تھا تو انہی کو ان کا منشور دکھانا پڑا تھا، اور اب دوبارہ وہی جھوٹ دہرایا جارہا ہے۔ سپکال نے کہا کہ جھوٹ بولو مگر زور سے بول یہ بی جے پی کا اصول اب اجیت پوار نے بھی اپنا لیا ہے۔ بی جے پی کی معیت میں انہیں جھوٹ بولنے کی عادت پڑ گئی ہے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *