ممبئی:پولیس نے بتایا کہ بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی باندرہ رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹس میں مبینہ طور پر گھسنے کی کوشش کرنے کے الزام میں دو افراد کو الگ الگ واقعات میں گرفتار کیا گیا۔ یہ گرفتاریاں پیر اور منگل کو دو الگ الگ واقعات میں کی گئیں۔دونوں معاملوں میں باندرہ پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے۔
پہلا واقعہ منگل کی صبح پیش آیا، جہاں ایک نامعلوم شخص کو باندرہ میں گلیکسی اپارٹمنٹس کی عمارت میں گھومتے ہوئے دیکھا گیا، جہاں سلمان اور ان کے والدین رہتے ہیں۔ سیکیورٹی گارڈ نے اس شخص کو احاطے سے نکلنے کو کہا۔ اندر نہ جانے پر ناراض شخص نے اپنا موبائل فون زمین پر پھینک کر توڑ دیا۔ بعد ازاں اسی دن شام 7 بج کر 15 منٹ پر وہی شخص گلیکسی اپارٹمنٹس کے مین گیٹ پر واپس آیا اور کسی طرح ایک رہائشی کے فور وہیلر کے پیچھے چھپ کر گیٹ سے اندر داخل ہوا۔ پولیس اہلکاروں اور ایک سیکورٹی گارڈ کملیش مشرا نے اسے فوراً پکڑ لیا اور باندرہ پولیس کے حوالے کر دیا۔ پوچھ گچھ پر اس شخص نے اپنی شناخت جتیندر کمار ہردیال سنگھ (23) کے طور پر بتائی جو چھتیس گڑھ کا رہنے والا ہے۔ یہ شخص سلمان سے ملنے کی کوشش کر رہا تھا لیکن اداکار کے گھر کے باہر تعینات پولیس اہلکاروں نے اسے اندر جانے کی اجازت نہ دی تو اس نے اندر گھسنے کی کوشش کی۔
پیر کو ایک اور واقعے میں ایک خاتون کو اداکار کے گھر میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ خاتون کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ ایک سینئر آئی پی ایس افسر نے بتایا کہ خاتون کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ باندرہ پولیس کے مطابق خاتون بینڈ اسٹینڈ میں واقع گلیکسی اپارٹمنٹس کے گیٹ پر آئی تھی اور اداکار سے ملنا چاہتی تھی۔ جب اسے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی تو اس نے زبردستی اندر جانے کی کوشش کی جس کے بعد اسے پکڑ لیا گیا۔
No Comments: