Header advertisement
sidebar advertisement

قومی خبریں

تعلیم و روزگار

سادھوی پرگیہ سنگھ اوردیگرملزمین کیخلاف 31جولائی کو فیصلہ

مالیگاؤں بم دھماکہ معاملے میں ممبئی کی خصوصی این آئی اے عدالت میں فیصلہ محفوظ

ممبئی: ناسک کے مالیگاؤں میں 29ستمبر 2008کو رمضان اور نوراتری کے موقع پر ہوئے بم دھماکے کے معاملے میں ممبئی کی خصوصی این آئی اے عدالت نے منگل کو فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے اس کے اعلان کی تاریخ 31جولائی مقرر کی ہے ۔ اس بم دھماکے میں 6افراد ہلاک اور 100سے زیادہ افرادزخمی ہوئے تھے ۔

عدالت میں سات ملزمان پر یو اے پی اے ، آئی پی سی اور آرمس ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا ہے ۔ ان ملزمان میں بی جے پی کی سابق رکن پارلیمنٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکر، سابق لیفٹیننٹ کرنل پرساد پروہت، میجر رمیش اپادھیائے ، اجے رہیرکر، سمیر کلکرنی، سدھاکر چترویدی اور سدھاکر دھر دویدی شامل ہیں۔ منگل کو یہ تمام ملزمان عدالت میں موجود تھے ۔

عدالت نے ان ملزمان پر یو اے پی اے کی دفعات 16 (دہشت گردانہ کارروائی) اور 18 (سازش)، آئی پی سی کی دفعات 120-بی (مجرمانہ سازش)، 302 (قتل)، 307 (اقدام قتل) اور 324 (جان بوجھ کر زخم پہنچانا) کے تحت الزامات عائد کیے تھے ۔

یہ مقدمہ سیاسی طور پر بھی حساس مانا جاتا ہے ۔ ابتداء میں اس کی تفتیش مہاراشٹر اے ٹی ایس نے ہیمنت کرکرے کی قیادت میں کی تھی۔ 2009 میں پہلی چارج شیٹ داخل کی گئی تھی۔ بعد میں یہ کیس این آئی اے کو منتقل کیا گیا، جس نے 2016 میں ایک ضمنی چارج شیٹ پیش کی۔این آئی اے نے ایم سی او سی اے دفعات کو ہٹانے کی سفارش کی، جسے عدالت نے تسلیم کیا۔ ایجنسی نے بعض ملزمان کو سخت ترین سزا دینے کی سفارش بھی کی ہے ، جس میں سزائے موت بھی شامل ہے ۔ کیس میں کل 323 گواہوں کے بیانات درج کیے گئے ، جن میں سے 34 گواہ منحرف ہو گئے ۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق پرگیہ سنگھ کی موٹر سائیکل بم نصب کرنے میں استعمال ہوئی تھی، رمیش اپادھیائے نے بم بنانے کی تربیت دی تھی، سمیر کلکرنی نے دھماکہ خیز مواد حاصل کرنے میں مدد کی تھی، اجے رہیرکر تنظیم کا خزانچی تھا، اور پرساد پروہت نے آر ڈی ایکس حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ سدھاکر چترویدی کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا تھا جبکہ سدھاکر دھر دویدی کو خودساختہ شَنکراچاریہ بتایا گیا ہے ۔ تین ملزمان شیو نارائن کلسانگرا، شیام لال ساہو اور پروین تاکالکی کو ثبوت کی کمی کے سبب بری کر دیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق دو ملزمان رام جی کلسانگرا اور سندیپ ڈانگے جن پر بم نصب کرنے کا الزام ہے ، پولیس حراست میں فوت ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ 29/ ستمبر 2008 کو مہاراشٹر کے گنجان مسلم آبادی والے شہر مالیگاؤں میں رمضان کے مہینہ میں عشاء کی نماز کے وقت بھکو چوک نامی علاقے میں موٹر سائیکلوں پر نصب کیئے گئے بم پھٹ گئے تھے جس کی وجہ سے 6مسلمانوں کی موت اور ایک سوسے زائد شدید زخمی ہوئے تھے ۔بم دھماکوں کی ساز ش رچنے اور اس میں حصہ لینے کے الزامات کے تحت مہاراشٹر اے ٹی ایس نے سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر، کرنل پروہت، سمیر کلکرنی، میجر اپادھیائے ، اجئے راہیکر، سوامی دیانند پانڈے اور چترویدی کو گرفتارکیا تھا۔ ملزمین کو آٹھ سالوں کے طویل انتظار کے بعد ضمانت حاصل ہوئی تھی، فی الحال تمام ملزمین ضمانت پر رہاہیں۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *