قلات؍3مئی
— بلوچستان کے ضلع قلات میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی ہے جہاں سینکڑوں مسلح افراد نے اچانک حملہ کر کے سرکاری عمارتوں اور فوجی تنصیبات پر قبضہ جما لیا۔ اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے علاقے میں موجود مرکزی پاکستانی فوجی کیمپ کا گھیراؤ کیا اور اس پر شدید گولہ باری کی، جس کے نتیجے میں کیمپ کو خاصا نقصان پہنچا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں نے نہ صرف فوجی کیمپ کو نشانہ بنایا بلکہ مختلف سرکاری دفاتر پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔ شہر کی سڑکوں پر مسلح افراد کی آزادانہ نقل و حرکت دیکھی جا رہی ہے جبکہ عوام میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جوابی کارروائی جاری ہے اور وقفے وقفے سے دونوں جانب سے فائرنگ کا سلسلہ برقرار ہے۔ علاقے میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے اور تمام داخلی و خارجی راستے سیل کر دیے گئے ہیں۔
تاحال جانی و مالی نقصانات کی مکمل تفصیلات موصول نہیں ہو سکیں، تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جانی نقصان کافی زیادہ ہو سکتا ہے۔ مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت دی ہے۔
بلوچستان میں اس نوعیت کا یہ حملہ نہایت سنگین نوعیت کا قرار دیا جا رہا ہے، جس سے سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی اور انٹیلیجنس نظام پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
No Comments: