ممبئی :جنوب مغربی مانسوسن نے مہاراشٹر میں دستک دے دی ہے۔ مانسون اتوار کو ریاست میں داخل ہوا۔ یہ اگلے 2 دنوں میں ممبئی اور کچھ دوسرے حصوں میں پہنچنے کی امید ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ آئی ایم ڈی نے کہا کہ مانسون اتوار کو بحرہ عرب، کرناٹک، پورے گوا، مہاراشٹر کے کچھ حصوں، شمالی خلیج بنگال، اور میزورم، منی پور اور ناگالینڈ کے کچھ حصوں میں آگے بڑھا۔ یہ عام طور پر 7 جون کے قریب مہاراشٹر اور 11 جون کو ممبئی پہنچتا ہے۔ مانسون کی جلد آمد نے ممبئی بی ایم سی پر دباؤ ڈالا ہے۔ حال ہی میں پری مانسون بارشوں کی وجہ سے پانی جمع ہوگیا تھا۔ بی ایم سی کی جانب سے مانسون سے پہلے کی صفائی کا کام زور و شور سے کیا جا رہا ہے۔
مغربی مہاراشٹر میں، خاص طور پر ستارہ اور کولہاپور کے پہاڑی علاقوں میں، آئی ایم ڈی نے اگلے 24 گھنٹوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ اس کے بعد اورنج الرٹ 27 مئی تک جاری رہے گا۔ یہ انتباہات ایک شدید موسمی نظام کے بحرہ عرب سے اندرون ملک منتقل ہونے کی پیش گوئی میں آئے ہیں۔
عیاں رہے کہ یکم مئی سے 23 مئی تک، ریاست میں اوسطاً 79.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو اس مدت کے لیے 7.9 ملی میٹر کی عام اوسط سے 844 فیصد زیادہ ہے۔ یہ 1990 کے بعد مہاراشٹر میں سب سے زیادہ پری مانسون بارش ہے، جب 99.8 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس عرصے کے لیے اب تک کی سب سے زیادہ بارش 113.6 ملی میٹر ہے، جو 1918 میں ریکارڈ کی گئی تھی۔ مئی میں صرف چند دن باقی رہ گئے ہیں، موسمی حکام کا خیال ہے کہ موجودہ دباؤ اور ہوا کے فعال پیٹرن اس بات کا اشارہ ہیں کہ مانسون جلد ہی ریاست بھر میں آگے بڑھنا شروع کر دے گا۔
No Comments: