Header advertisement
sidebar advertisement

قومی خبریں

تعلیم و روزگار

بی جے پی نے دہلی کی خواتین سے کیے گئے ’مہیلا سمردھی یوجنا‘ کے تحت ہر ماہ 2500 روپے دینے کے وعدے کو نظر انداز کر دیا ہے: دیویندر یادو۔

دیویندر یادو نے کہا کہ ’’دہلی کانگریس کا خیال ہے کہ بی جے پی اپنی ذہنیت کے مطابق دہلی کی خواتین اور غریب لوگوں سے کیے گئے کسی بھی وعدے کو پورا نہیں کرے گی۔‘‘

نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے دہلی کی بی جے پی حکومت پر خواتین کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’وزیر اعظم مودی کے ذریعہ پہلی کابینہ میں دہلی کی خواتین کو ’مہیلا سمردھی یوجنا‘ کے تحت 2500 روپے فی ماہ دینے کے وعدے کو ریکھا گپتا حکومت نے گزشتہ 3 ماہ میں ہی ٹھنڈے بستے میں ڈال دیا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مسلسل مختلف قسم کی بیانات دے کر وزیر اعلیٰ دہلی کی لاکھوں خواتین کو صرف اور صرف گمراہ کر رہی ہیں۔ دیویندر یادو نے کہا کہ ’مہیلا سمردھی یوجنا‘ کا خاکہ تیار کیے بغیر ایک بار پھر وزیر اعلیٰ نے بیان دیا کہ خواتین کو 2500 روپے تو ملیں گے لیکن وہ ایک بار میں مکمل پیسہ نہیں نکال سکیں گی۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر مکمل پیسہ ایک بار میں نہیں نکال سکتے تو ’مہیلا سمردھی یوجنا‘ کو 2500 روپے فی ماہ کے اسکیم کا نام کیوں دیا جا رہا ہے۔

دیویوندر یادو نے کہا کہ میں ریکھا گپتا حکومت سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا کمر توڑ مہنگائی اور بے روزگاری کے دور میں بھوک سے لڑنے والے غریب سرمایہ جمع کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں؟ بی جے پی دہلی کی معصوم خواتین کو گمراہ کرنا بند کرے کہ 2500 روپے دی جانے والی ماہانہ اسکیم کا ایک حصہ خواتین استعمال کر سکیں گی اور ایک حصہ آر ڈی کھاتے میں جمع کیا جائے گا۔ جب حکومت نے اسکیم کا کوئی خاکہ ہی تیار نہیں کیا ہے اور نہ ہی یہ یقینی بنایا ہے کہ کس سطح کی خواتین کو 2500 روپے ماہانہ ملیں گے۔ ریکرنگ ڈپازٹ کی وقت کی حد اور رقم تک مقرر نہیں ہے تو کیا مان لیا جائے کہ یہ اعلان بھی 20 فروری اور 8 مارچ کی طرح خواتین کو گمراہ کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

دیویندر یادو نے بی جے پی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے انتخابی تشہیر کے دوران خواتین کے مفادات کے لیے جو وعدے کیے تھے اس میں سے ایک بھی مکمل نہیں کیا ہے۔ خواہ وہ 2500 روپے فی ماہ دینے کا ہو، 500 روپے میں رسوئی گیس فراہم کرنے کا ہو، ہولی دیوالی کے موقع پر ایک گیس سلنڈر مفت دینے کا ہو اور حاملہ خواتین کو گرانٹ کی رقم یا انتیودیا بی پی ایل کنبوں کی خواتین کو راشن دینے کا وعدہ ہو۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ 60-21 سال کی صرف 17 لاکھ خواتین کو ہی ’مہیلا سمردھی یوجنا‘ سے منسلک کرنے کی شرطوں سے دہلی کی خواتین حکومت کے رویے سے پریشان ہیں کہ انہیں ’مہیلا سمردھی یوجنا‘ کا فائدہ ملے گا یا نہیں؟ دیویندر یادو نے یہ بھی کہا کہ دہلی کانگریس کا خیال ہے کہ بی جے پی اپنی ذہنیت کے مطابق دہلی کی خواتین اور غریب لوگوں سے کیے گئے کسی بھی وعدے کو مکمل نہیں کرے گی۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *