کولکاتا:کولکاتا کےریڈ روڈ پراس سال عیدالاضحیٰ کی نماز نہیں ہوگی ۔ فوج نےعیدالاضحیٰ کی نماز ریڈ روڈ پر ادا کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ فوج نے اجازت نہ دینے کی وجہ’فوجی مقاصد‘کو قرار دیا ہے۔ فوج نے کولکاتا پولیس اور کولکاتہ خلافت کمیٹی کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ خلافت کمیٹی اس سالانہ مذہبی اجتماع کی منتظم ہے۔ریڈ روڈ،فورٹ ولیم میں مشرقی کمانڈ ہیڈکوارٹر کے سامنے واقع ہے۔یہاں ہر سال بڑی تعداد میں مسلمان نمازِ عید ادا کرتے ہیں۔
ہیڈکوارٹر بنگال سب ایریا کے تحت زمین کی نگرانی پر مامور ایک کرنل رینک افسر نے کولکاتہ خلافت کمیٹی کے نام ایک خط میں لکھا ہے کہ ریڈ روڈ کے جنرل ایریا میں 7 جون 2025 کو’عید الاضحی‘ کی اجتماعی نماز کے انعقاد کی اجازت نہیں دی جا رہی، کیونکہ یہ علاقہ فوجی مقصد کے لیے درکار ہے۔
پچھلے برسوں کی طرح اس سال بھی کولکاتہ خلافت کمیٹی نے 10 مئی کو فوج سے درخواست دی تھی کہ انہیں نیتا جی کے مجسمے سے لے کر فورٹ ولیم کے مشرقی دروازے تک نماز کے لیے اجازت دی جائے۔ فوج کی طرف سے گزشتہ دنوں اس درخواست کا جواب موصول ہوا۔
ریاستی آفاتِ سماوی کے وزیر اورکولکاتا خلافت مٹی کے رکن جاوید احمد خان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کی تنظیم کو فوج کی جانب سے ایک خط موصول ہوا ہے۔ اس پر غوروخوض کرنے کے لیے ایک میٹنگ بھی طلب کی گی تھی۔
No Comments: