نئی دہلی: شمالی ہندوستان اس وقت شدید گرمی کی زد میں ہے۔ کئی مقامات پر گردو غبار کے طوفان کی وجہ سے فضائی آلودگی کا دوہرا خطرہ ہے۔ باندہ، اتر پردیش میں درجہ حرارت 46.2 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا، جو ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ ریاست کے 13 اضلاع میں دن کا درجہ حرارت 41 ڈگری سیلسیس سے اوپر رہا۔
آئندہ 48 گھنٹوں میں گرمی کی لہر مزید شدت اختیار کرنے کے امکان کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے اورنج الرٹ جاری کر دیا ہے۔ 19 مئی سے شمالی ہندوستان کے کچھ حصوں میں ہلکی بارش متوقع ہے۔
دارالحکومت دہلی میں دن بھر چلچلاتی گرمی کے بعد شام کو 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفان آیا اور بارش ہوئی۔ اس دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42.3 ڈگری سیلسیس تھا جو اس موسم کا سب سے زیادہ ہے۔ درجہ حرارت کے ساتھ ساتھ گرم ہواؤں اور نمی کی سطح میں بھی اضافہ ہوا ہے جو 60 فیصد کے قریب پہنچ گیا ہے۔ اس سے ہیٹ اسٹروک کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
راجستھان کے سری گنگا نگر میں 45.9 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ چورو میں درجہ حرارت 45.6 ڈگری اور بیکانیر میں 45.2 ڈگری رہا۔ پنجاب میں بھی دھوپ اور گرمی کی لہر جاری ہے۔ بھٹنڈہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45.5 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ جموں و کشمیر میں بھی اگلے دو دنوں تک شدید گرمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اتراکھنڈ میں موسم کا انداز بدل گیا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش ہو رہی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں نمی بڑھ گئی ہے۔ مہاراشٹر سمیت کئی علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہورہی ہے اوریہاں یلو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
اسکائی میٹ ویدر کے نائب صدر مہیش پلاوت کا کہنا ہے کہ اس بار مئی میں غیر معمولی موسمی سرگرمیاں درجہ حرارت کو بڑھنے نہیں دے رہی ہیں۔ ویسٹرن ڈسٹربنس یکے بعد دیگرے آ رہے ہیں جس سے طوفان اور بارش کے حالات پیدا ہو رہے ہیں۔ کئی مقامات پر ہیٹ اسٹروک کے بجائے درجہ حرارت معمول کے قریب یا اس سے کم رہا۔
سمندری سطح سے ڈیڑھ کلومیٹر اوپر ہوا کی بالائی سطح میں سائیکلون سرکولیشن بنتا ہے، جو شمال مغربی اتر پردیش کی طرف بڑھ رہا ہے۔ بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تشویشناک ہے۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق دہلی کے کئی علاقوں میں ہوا کے معیار کا انڈیکس 300 سے اوپر ریکارڈ کیا گیا، جو انہیں ’انتہائی خراب‘ زمرے میں رکھتا ہے۔ غازی آباد اور نوئیڈا جیسے پڑوسی علاقوں میں بھی صورتحال سنگین ہے، جہاں اے کیوآئی کی سطح ’شدید‘ زمرے میں پہنچ گئی ہے۔
No Comments: