ممبئی: مہاراشٹر سائبر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے 5ہزار پوسٹس کو ہٹا دیا ہے جو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فوجی تنازعہ کے بارے میں جعلی خبروں اور غلط معلومات پر مشتمل ہے۔ اس کی اطلاع پولیس کے ایک عہدیدار نے ہفتہ کودی۔ حکام کے مطابق سوشل میڈیا پر فوج کی نقل و حرکت، اسٹریٹجک آپریشنز یا پڑوسی ممالک کی جانب سے جوابی اقدامات کی جعلی خبریں پائی گئیں۔
اہلکار نے بتایا کہ سائبر کرائم کا پتہ لگانے والی ایجنسی نے جھوٹی خبروں اور فوجی تنازعہ سے متعلق غلط معلومات کی گردش پر ایک ایڈوائزری بھی جاری کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کا غیر تصدیق شدہ اور گمراہ کن مواد قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے اور یہ تنازعہ کو بڑھانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی جھوٹی خبروں اور غلط معلومات کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے، ایجنسی نے سوشل میڈیا اور کمیونیکیشن پلیٹ فارمز سے ایسی جھوٹی خبروں کو ہٹانے کے لیے نوٹس جاری کیا۔ اہلکار نے کہا کہ ایجنسی نے تقریباً 5 ہزارسوشل میڈیا پوسٹس کو ہٹا دیا ہے جن میں جعلی خبریں اور فوجی تنازعہ کے بارے میں غلط معلومات تھیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ معلومات کے محفوظ اور قابل اعتماد ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پلیٹ فارم آپریٹرز اور نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہم آہنگی جاری رکھے گا۔
No Comments: