ممبئی:ممبئی سے متصلہ پالگھر ضلع کے وسئی ویرار نالاسوپارہ علاقوں میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بدھ کی صبح سے 13مختلف مقامات پر چھاپے مارے ۔ یہ چھاپے ان بلڈروں کے دفاتر اور کنٹرکشن ہاوس پر مارئے گئے جو بڑئے پیمانے پر ان علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات میں ملوث پائے گئے ہیں۔ اطلاع کے مطابق یہ کارروائی وہاں تعمیر کی گئی 41غیر قانونی عمارتوں کے سلسلے میں انجام دی گئی جسکے دوران مرکزی تفتیشی دستے کے افسران نے بڑئے پیمانے پر نقد کاغزات اور دیگر اشیاء کو ضبط کیا ہے۔ ای ڈی کی جانب سے اس تفتیش کی مکمل سرکاری تفصیلات ابھی جاری نہیں کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق بہوجن وکاس اگھاڑی کے سابق کونسلر سیتارام گپتا نے وسئی ویرار کے اگروال اور وسنت نگری علاقوں میں سروے نمبر 22 اور 30 کے درمیان واقع پلاٹوں پر غیر قانونی طور پر 41عمارتیں تعمیر کیں۔ ان عمارتوں میں فلیٹس بنا کر انہوں نے خریداروں کو فروخت کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس زمین کا کچھ حصہ ڈمپنگ گراؤنڈ اور ایس ٹی پی پلانٹس کے لیے مختص تھا، جبکہ بعض زمینیں دیگر افراد کی ملکیت تھیں۔ ان عمارتوں کے خلاف زمین مالکان نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، جس کے بعد عدالت کے حکم پر وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن نے ان عمارتوں کو منہدم کر دیا۔ اس انہدامی کارروائی کے نتیجے میں تقریباً ڈھائی ہزار افراد بے گھر ہو گئے ۔ انہیں تمام معاملات کے تناظر میں ای ڈی نے سیتارام گپتا کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرتے ہوئے 13 مقامات پر تلاشی مہم کا آغاز کیا ہے ۔ تاہم چھاپوں کی مکمل تفصیلات تاحال موصول نہیں ہوئی ہیں۔ ای ڈی کے درجنوں افسران اعلی صبح سے ہی اس مہم میں شام دیر گئے تک شامل رہے۔
No Comments: