ممبئی: حج 2025 کے لیے ہندوستان کے سب سے بڑے امبارکیشن پوائنٹ ممبئی سے 433 خوش نصیب عازمین حج کا پہلا قافلہ چھتر پتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ایئر پورٹ سے سعودی ایئر لائنز کی پرواز ایس وی 3089 سے آج شام 5 بجکر 5 منٹ پر مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوا ۔ اس موقع پر منعقدہ ایک پر وقار دعائیہ تقریب میں عازمین حج کو شایانِ شان انداز میں رخصت کرتے ہوئے وزارتِ اقلیتی امور، حکومتِ ہند میں جوائنٹ سیکرٹری سی پی بخشی، حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر آئی اے ایس شاہ نواس سی نے کہا کہ آپ سب انتہائی خوش نصیب ہیں چونکہ ربِ کریم نے آپ کو اپنا مہمان چنا ہے، اسی کے ساتھ آپ سب مملکتِ سعودی عرب میں ہندوستان کے نمائندے بھی ہیں۔
ان اعلیٰ افسران نے بتایا کہ حکومت ہنداور حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2025 کو سہولیات سے پُر بنانے کے لیے ہر سطح پر بھر پور کوشش کی ہے۔ لیکن تمام تر کوششوں کے باوجود کہیں نہ کہیں کمی رہ ہی جاتی ہے، افسران نے عازمین حج سے اپیل کی کہ دقتوں اور پریشانیوں کے حل کے لیے وزارتِ اقلیتی امور حکومت ہند کی نگرانی میں تیار کردہ حج سویدھا ایپ کا باقاعدگی سے استعمال کریں۔
’حج سویدھا ایپ‘ عازمین کے لیے ایک ڈیجیٹل رہنما کی حیثیت رکھتا ہے اس میں تمام تر مشکلات کا آسان حل موجود ہے۔ آئی ا ےایس شاہ نواس سی چیف ایکزیکٹیو افسر حج کمیٹی آف انڈیا نے مزید کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ سفرِ حج اور ادائیگی حج ایک مشکل عمل ہے۔ اس میں کچھ جسمانی اور غذائی تکالیف برداشت کرنا پڑتیں ہیں۔ ایسے مواقع پر جزباتی نہ ہوں بلکہ صبر و تحمل سے کام لیں۔ حج غیر ملکی سر زمین پر ہوتاہے اور آپ یہاں اپنے ملک کے نمائندے ہوتے ہیں۔ یہاں اپنے عمل و کردار، اخلاق و برتاو سے ملک کے وقار کو بلند کیجئے چھوٹی چھوٹی باتوں کو نظر انداز کریں ، افواہوں اور جھوٹے پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں ۔
سی ای او شاہ نواس سی نے بتایا کہ حج 2025 میں بھی ہندوستان کا سب بڑا امبارکیشن پوئنٹ ممبئی ہے ۔ یہاں سے سعودی ائیر لائنز کی 73 فلائٹس کے ذریعے مختلف ریاستوں کے تقریباً 30 ہزار ہندوستانی عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے مدینہ، جدہ روانہ ہونگے۔ عازمین کی سہولت کے لیے حج ہاوس میں میڈیکل ٹیم، سعودی کرنسی کے لیے بینک کاونٹرز اور دیگر لازمی سہولیات ، اضافی اسٹاف، حج رضاکار تنظیمیں ہمہ وقت موجود ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی اپیل پر ائیر پورٹ اتھارٹی نے ائیر پورٹ پر حاجیوں کے بیٹھنے، کھانے، انتظاری لمحات گزارنے اور عبادت کرنے کے لیے معقول انتظامات کیے ہیں۔
عازمین حج کے اعزاز میں منعقدہ دعائیہ جلسہ کے موقع پر ایئر پورٹ پر حج کمیٹی آف انڈیا کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹیو افسرس ڈاکٹر صداقت علی، ڈاکٹر محمد نیاز احمد، پی ایس چیف ایگزیکٹو افسر صلاح ایدین، سپرنٹنڈینٹ شیخ محمد غوث، سپرنٹنڈینٹ شیخ حیدر پاشا، ساجد پلیکر اور محمد اسمعیل خان کے ساتھ امور حج سے وابستہ متعلقہ تمام ایجنسیز کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔
No Comments: