اسلام آباد:پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر کی جمعہ کی شب اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔ سعودی وزیر پاکستان کے ایک روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔
اسلام آباد میں پرائم منسٹر آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِاعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کے مزید فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا، اور ہر مشکل وقت میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔
بیان کے مطابق ’ملاقات میں جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے انڈیا کے پاکستان کے خلاف میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی جس کی وجہ سے کئی بے گناہ شہری بشمول خواتین اور بچوں کی شہادت واقع ہوئی اور املاک کو نقصان پہنچا۔‘
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ انڈیا کی بلااشتعال اور بلاجواز جارحیت پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس جارحیت سے علاقائی امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل طور پر پر عزم ہے اور اسے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے مطابق اپنے دفاع کے لیے اقدامات لینے کا پورا حق حاصل ہے۔
پاکستانی وزیرِاعظم نے خطے میں کشیدگی کو کم کرنے اور علاقائی امن قائم کرنے کے لیے سعودی حکومت کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔
سعودی وزیر مملکت نے پاکستانی شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے کشیدگی میں کمی کے ساتھ ساتھ پاکستان اور انڈیا کے درمیان تمام تصفیہ طلب تنازعات کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے مطالبے کا اعادہ کیا۔
No Comments: