Header advertisement
sidebar advertisement

قومی خبریں

تعلیم و روزگار

مہاراشٹر کی سلامتی کی تیاریوں پروزیراعلیٰ کی ہنگامی میٹنگ

تمام اضلاع میں فرضی مشقیں انجام دینے اور ضلعی سطح پر وار روم قائم کرنے کی ہدایت، کومبنگ آپریشنز اورگشت میں اضافہ کرنے پرزور

ممبئی:ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے پیش نظر مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے ریاست بھر میں مجموعی سلامتی اور تیاریوں کے سلسلے میں پولیس اور انتظامی ایجنسیوں کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی۔ موک ڈرل اور بلیک آؤٹ جیسے اقدامات کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ فڑنویس نے اجلاس میں شریک تمام محکموں کے افسران کو مختلف اہم ہدایات جاری کیں۔ اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں چیف سکریٹری راجیش کمار، ریاستی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس رشمی شکلا، ممبئی پولیس کمشنر دیون بھارتی، ممبئی میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس آف سول سیکورٹی پربھات کمار، محکمہ داخلہ کی پرنسپل سکریٹری رادھیکا رستوگی اور محکمہ انٹیلی جنس کے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس شریش جین موجود تھے ۔

وزیراعلیٰ نے تمام اضلاع میں فرضی مشقیں انجام دینے اور ضلعی سطح پر وار روم قائم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بلیک آؤٹ کی صورت میں اسپتالوں کے ساتھ کوآرڈینیشن کے لیے مضبوط نظام قائم کیا جائے ۔ انہوں نے تاکید کی کہ ممکنہ حملوں سے بچنے کے لیے بجلی کی روشنی بند کی جائے ، لیکن اسپتالوں جیسے ضروری مراکز کو متبادل بجلی نظام سے جوڑے رکھا جائے ، اور یہ انتظام کیا جائے کہ اندر کی روشنی باہر سے نظر نہ آئے ، اس مقصد کے لیے گہرے پردے یا شیشے استعمال کیے جائیں۔

وزیراعلیٰ نے یہ بھی حکم دیا کہ ہر ضلع میں پولیس کا سائبر سیل سوشل میڈیا پر کڑی نظر رکھے اور ایسے ہینڈلز کی شناخت کرے جو پاکستان کی حمایت کر رہے ہوں یا غلط معلومات پھیلا رہے ہوں، تاکہ ان کے خلاف فوری کارروائی کی جا سکے ۔انہوں نے اعلان کیا کہ ریاست کے تمام کلکٹروں کو آج ہی ایمرجنسی فنڈز فراہم کیے جائیں گے تاکہ ہنگامی صورت حال میں ضروری سامان فوراً خریدا جا سکے ۔ اس کے علاوہ، اگر کوئی اہم تجویز موصول ہو تو اسے ایک گھنٹے کے اندر منظور کیا جائے ۔ انہوں نے ایم ایم آر علاقے کی تمام میونسپلٹیوں کی میٹنگ بلانے اور بلیک آؤٹ سے متعلق عوامی بیداری پیدا کرنے کی ہدایت دی، جس میں کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے زور دیا کہ محکمہ پولیس معمول سے زیادہ مستعدی کے ساتھ کام کرے ، کومبنگ آپریشنز میں اضافہ کیا جائے اور گشت کو مزید مؤثر بنایا جائے ۔ عوام کو حالات کی درست اور بروقت معلومات فراہم کرنے کے لیے حکومت کی طرف سے ایک منظم اطلاع رسانی نظام قائم کیا جائے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کے اہم انفراسٹرکچر، خصوصاً پاور جنریشن اور ڈسٹری بیوشن پر سائبر حملوں کے خدشے کے پیش نظر فوری سائبر آڈٹ کرایا جائے ۔ حکومت اور سلامتی ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل کے لیے ، فوج اور کوسٹ گارڈ کے تینوں شعبوں کے سربراہان کو وی سی کے ذریعے اگلی میٹنگ میں مدعو کیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کے صحت اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکموں میں کلیدی عہدوں پر تعینات تمام سینئر افسران کی چھٹیاں منسوخ کی جائیں تاکہ وہ ہنگامی صورت حال میں فوری دستیاب رہیں۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *