پیراگوئے کے صدر سینٹیاگو پینا پالاسیوس نے آج سہ پہر دہلی میں وزیر اعظم مودی سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات دہلی کے حیدرآباد ہاؤس میں ہوئی۔ اس دوران دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ سطح پر بات چیت بھی ہوئی۔ملاقات کے دوران پی ایم مودی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ کا دورہ باہمی تعلقات میں اعتماد، تجارت اور تعاون کو نئی تقویت دے گا۔ اس سے ہندوستان لاطینی امریکہ تعلقات میں نئی جہتیں بھی شامل ہوں گی۔ پچھلے سال، میں نے گیانا میں’کیریکوم‘ سربراہی اجلاس میں شرکت کی، جہاں ہم نے بہت سے موضوعات پر بڑھتے ہوئے تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ ہم ان تمام شعبوں میں پیراگوئے اور تمام لاطینی امریکی ممالک کے ساتھ مل کر کام کر سکتے ہیں۔
قبل ازیں صدر پینا نے وزیر خارجہ جے شنکر سے ملاقات کی۔ اس کے بعد وہ مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے راج گھاٹ پہنچے۔ صدر پینا پیر کو تین روزہ دورے پر ہندوستان پہنچے ہیں۔ یہ ان کا پہلا سرکاری اور پیراگوئے کے کسی سربراہ مملکت کا ہندوستان کا دوسرا دورہ ہے۔ ان کا طیارہ نئی دہلی کے پالم ایئر فورس اسٹیشن پر اترا۔ یہاں ان کا استقبال گارڈ آف آنر کے ساتھ کیا گیا۔
صدر پینا آج نائب صدر جگدیپ دھنکھر سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ صدر دروپدی مرمو ان کے اعزاز میں ضیافت کا بھی اہتمام کریں گے۔ صدر پینا 2 جون سے 4 جون تک ہندوستان میں ہوں گے۔
دہلی کے بعد وہ 4 جون کو ممبئی جائیں گے۔ یہاں وہ ریاستی رہنماؤں، تاجروں، اختراع کاروں، اسٹارٹ اپس اور ٹیکنالوجی کے شعبے سے تعلق رکھنے والے ممتاز لوگوں سے بات چیت کریں گے۔ ان کے دورے کے حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ آج سہ پہر تین بجے پریس کانفرنس کرے گی۔ عیاں رہے کہ ہندوستان اور پیراگوئے کے درمیان سفارتی تعلقات 1961 میں قائم ہوئے تھے۔
ہندوستان اور پیراگوئے کے درمیان سفارتی تعلقات 13 ستمبر 1961 کو قائم ہوئے تھے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، زراعت، صحت، ادویات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تعاون ہے۔
پیراگوئے لاطینی امریکہ میں ہندوستان کا ایک اہم تجارتی شراکت دار ہے۔ ہندوستان کی کئی دواسازی اور آٹوموبائل کمپنیاں پیراگوئے میں سرگرم ہیں۔ کچھ پیراگوئین کمپنیاں بھی مشترکہ منصوبوں کے ذریعے ہندوستان میں موجود ہیں۔دونوں ممالک اقوام متحدہ میں اصلاحات، موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی اور
دہشت گردی کے خلاف مشترکہ موقف رکھتے ہیں۔
No Comments: